حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ علوی گرگانی نے حوزہ علمیہ قم میں تفسیرِ قرآن کریم انجمن کے ممبران اور علماء ہندوستان کونسل کے سربراہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا: خدا نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اہلِ ایمان اور اہلِ علم کے مقام کو بلند کرے گا۔
انہوں نے کہا: آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ آپ خدا کے ساتھ ہیں اس لئے آپ کو اپنے کام میں شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور اگر خدا آپ کے ساتھ ہو تو آپ کے پاس سب کچھ ہو گا۔
دینی تعلیم کے مرکز(قم) کے استاد نے علماء ہندوستان کونسل کے سربراہ کو خطاب کر کے کہا: اس سرزمین(ہندوستان) میں دینی مدارس بنانا اور طلاب و دینی مبلغین کی تربیت بہت مقدس ہدف ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ہندوستان بہت وسیع سرزمین ہے وہاں پر شیعیانِ اہلبیتؑ کی تعداد بہت زیادہ ہے کہ جن کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔
آیت اللہ علوی گرگانی نے کہا: ہندوستان کی لائبریریوں میں بزرگ علماء کے قدیمی آثار کی موجودگی اس بات کی علامت ہے کہ اس سرزمین میں ان کاموں کی بہت عمدہ استعداد پائی جاتی ہے۔
شیعہ مرجع تقلید نے کہا: ہندوستان کی لائبریریوں میں گرانقدر قدیمی آثار کی حفاظت کے لئے اقدامات ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا: اس کام کے لئے مخیر حضرات اور علماء کرام و مراجع عظام سے مدد حاصل کرنی چاہئے۔
آیت اللہ علوی گرگانی نے کہا: آج علماء کرام بہت زیادہ باعزت اور طاقتور ہیں۔اس سے دین اور مکتبِ اہلبیتؑ کی ترویج کے لئے استفادہ ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا: امید ہےآپ کی کوششوں سے ہندوستان میں عظیم الشان لائیبریریاں اور اچھے دینی مدرسے قائم ہوں گے۔
آیت اللہ علوی گرگانی نے آخر میں کہا: میری تجویز یہ ہے کہ اس کام کے لئے دینی مدارس کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو عملی اقدامات کرے۔